تہران - ایران کے وزیر دفاع اور لاجسٹک نے کہا ہے کہ میزائل اور دفاعی لحاظ سے وطن عزیز اسلامی جمہوریہ ایران کی پیشرفت جاری رہے گی اور اس حوالے سے دشمنوں کی کسی بھی طرح دھکمیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
بريگيڈيئر جنرل 'حسين دھقان نے ہفتہ کے روز داعش کے خلاف ایران کی میزائل صلاحیت کے حوالے سے مزید کہا کہ ایران کے دشمنوں نے دیکھ لیا کہ اسلامی جمہوریہ نے دشمنوں کے سامنے سر نہیں جھکایا اور ہم ایسے عناصر کے ممکنہ خطرات کا بھرپور انداز میں جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایران مخالف نئی امریکی پابندیوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ امریکیوں کی جانب سے یہ کوئی نئی بات نہیں اور وہ ہمیشہ ایران پر پابندی اور دباؤ ڈالنے کے خواہاں ہیں۔ایرانی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ آج اگر وطن عزیز دفاعی شعبے میں ترقی اور خودکفیل ہے وہ اس سرزمین کے بہادر جوانوں اور بیٹوں کی بدولت ہے جبکہ ہماری دفاعی پیشرفت کا سلسلہ پابندیوں کے دور میں بھی جاری رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی قوم کو ترقی اور خوشحالی سے نہیں روکا جاسکتا اور اس حوالے سے ایران کے خلاف امریکی اقدامات کا کوئی نتیجہ نہیں۔ بريگيڈيئر جنرل حسين دھقان نے کہا کہ بہادر ایرانی قوم کے سامنے امریکی پابندیوں کی کوئی حیثیت نہیں اور نہ ہی ان پابندیوں سے ہم خوفزدہ ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میزائل اور دفاعی لحاظ سے ایران کے مقاصد واضح ہیں اور ہمیں دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے امریکی خواہشات پر غور کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں۔