شام پر امریکی حملے سے شامی قوم میں مزاحمت کی روح کو مزید تقویت ملے گی: سپاہ پاسداران انقلاب
2623
M.U.H
15/04/2018
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان میں شام پر امریکہ، فرانس اور برطانیہ کے میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شام پر اس جارحانہ اقدام سے دہشتگردی کے خلاف شامی قوم میں مزاحمت کی روح کو مزید تقویت ملے گی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں شام میں امریکہ اور اتحادیوں کے حملے کو ایک کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شام میں دہشتگردی کی حمایت میں ان کی شکست کی علامت ہے۔
بیان کے مطابق، ناجائز صہیونی ریاست، دہشتگردوں اور ان کےعلاقائی حامیوں کے خلاف شامی حکومت، فوج اور قوم کی سات سالہ مزاحمت سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ شامی عوام مکمل کامیابی تک ا پنی جد وجہد کو جاری رکھیں گے۔
سپاہ پاسداران انقلاب نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض اسلامی ممالک شام پر امریکہ اور ان کے اتحادیوں کے حملے کے سامنے خاموش بیٹھے ہیں ہیں اور کچھ ممالک نے بھی امریکہ کے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔اس بیان نے کہا کہ یہ ممالک جان لیں کہ شامی قوم کے پاس ان کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ نے برطانیہ اور فرانس کی مدد سے شام پر حملہ کر دیا. میزائل حملوں کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ نے شام کی جانب سے نام نہاد کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو جواز بنایا۔