ڈالر کو ملکی اقتصاد کا محور نہیں بنانا چاہیے:کاظم صدیقی
3158
M.U.H
15/09/2018
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں خطیب جمعہ نے حکام پر زوردیا ہے کہ وہ عوامی تنقید سے پریشان اور غصہ میں آنے کے بجائے اپنی غلطیوں کا ازآلہ کرنے کی تلاش و کوشش کریں اور ڈالر کو ملکی اقتصاد کا محور بنانے سے گریز کریں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی کی امامت میں منعقد ہوئی ، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ خطیب جمعہ نے ایران کے اعلی حکام پر زوردیا ہے کہ وہ عوامی تنقید سے پریشان اور غصہ میں آنے کے بجائے اپنی غلطیوں کا ازالہ کرنے کی تلاش و کوشش کریں اور ڈالر کو ملکی اقتصاد کا محور بنانے سے گریز کریں۔ خطیب جمعہ نے کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف قانون اور انصاف کے مطابق کارروائی پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عدلیہ کو بیت المال کی طرف غلط طریقہ سے ہاتھ بڑھانے والوں کے ہاتھ کاٹ دینے چاہییں ۔
خطیب جمعہ نے کربلا کے میدان حضرت امام حسین علیہ السلام کے قیام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) کا قیام شخصی اور ذاتی نہیں تھا، حضرت امام حسین (ع) مظلوموں کا سہارا اور تکیہ گاہ تھے اور وہ ظلم و فساد کے خلاف مقابلے کی علامت بن گئے ہیں۔
خطیب جمعہ نے ملک میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ہر چیز کو ڈالر کے ساتھ منسلک کرنا بالکل غلط ہے ملکی اقتصاد میں ڈالر کو بنیادی حیثیت دینا بھی غلط ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اعلی حکام کو تاجروں اور بازاریوں کی بات کو غور سے سننا چاہیے اور ان کی مشکلات کو برطرف کرنے کی تلاش و کوشش کرنی چاہیے۔