ایرانی قوم سپاہ پاسداران کے ساتھ کھڑی ہے: آیت اللہ لاریجانی
3071
M.U.H
13/04/2019
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف امریکی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی پوری قوم سپاہ پاسداران انقلاب اسلام کے ساتھ کھڑی ہے۔
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام شامل کئے جانے کے امریکی اقدام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کا غیر عاقلانہ امریکی اقدام کوئی پہلا اقدام نہیں ہے بلکہ اس سے پہلے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور شام کے مقبوضہ علاقے جولان پر اسرائیل کے تسلط اور اس کی حکمرانی تسلیم کئے جانے جیسے غلط اور نادرست فیصلے کئے جا چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کی مسلح افواج کا اہم حصہ ہے اور فوج کو دہشت گردوں کی فہرست میں قرار دینا نہ صرف غیرعاقلانہ فیصلہ بلکہ بین الاقوای قوانین کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے کہا کہ اس طرح کے اقدامت سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ایٹمی معاہدے سے باہر نکلنے کے امریکی فیصلے کا کوئی بھی مقصد پورا نہیں ہوا ہے اور اب بوکھلاہٹ میں کچھ اور بھی فیصلے کئے جا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امریکیوں کو اس بات کو جان لینا چاہئے کہ ایران کے نہ صرف عوام بلکہ تمام ادارے اور حکومت سب کے سب سپاہ پاسداران انقلاب اسلام کے مکمل ساتھ ہیں۔
ایران کے وزیر دفاع نے بھی کہا ہے کہ امریکہ کے اس قسم کے فیصلے ایرانی قوم سے اس کی گہری دشمنی کا بین ثبوت ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مختلف میدانوں میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی کامیابیاں اور اسلامی جمہوریہ ایارن کے لئے اس کی گرانقدر خدمات کہ جن کے نتیجے میں علاقے کی صورت حال کا پورا توازن ہی تبدیل ہو گیا، امریکیوں کی بوکھلاہٹ کا باعث بنی ہیں۔
جنول امیر حاتمی نے کہا کہ ایرانیوں کے مقابلے میں امریکیوں کو ہمیشہ منھ کی کھانی پڑے ہے اور اس غیر عاقلانہ فیصلے میں بھی امریکیوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایران کی اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینشن کونسل نے بھی ایک بیان میں تمام ایرانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعے کی نماز کے بعد اپنے مظاہروں میں امریکہ کے شرمناک اقدام سے اپنی نفرت و بیزاری کا ایک بار پھر اظہار کریں۔
بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ ایک ایسے ملک کی جانب سے ایران کی مسلح افواج کے اہم ترین حصے کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کیا جانا بالکل مضحکہ خیز اور غیر عاقلانہ ہے جو خود ہی ہمیشہ دہشت گرد گروہوں اور دہشت گردی کی حمایت کرتا آیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ دنوں ایران کے خلاف دشمنانہ پالیسی کے دائرے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں ڈال دیا جس کے جواب میں اعلی ایرانی سلامتی کونسل نے امریکہ کو دہشت گردوں کا حامی قرار دیتے ہوئے امریکی سینٹ کام فورس کو دہشت گرد گروہ میں شامل کر دیا۔