نیو یارک: صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت کی ترجیح اور حکمت عملی عالمی برادری کے ساتھ باہمی تعلقات کے فروغ پر مبنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر 'حسن روحانی' نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی 72ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیو یارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پہنچنے پر میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ خامنہ ای کی ہدایات کے مطابق دنیا کے ساتھ تعلقات کی توسیع ہماری پالیسی کا اہم جز ہے اور ہم اس نظریے کو عالمی فورمز کے سامنے پیش کرتے ہوئے اس پر عمل کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دورہ نیو یارک کے موقع پر مختلف ممالک کے سربراہوں، عالم اسلام کے علما اور عمائدین، امریکی صحافیوں اور امریکہ میں بسنے والے ایرانیوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ یورپی، ایشیائی، افریقی اور لاطینی امریکی ریاستوں کی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں ایرانی قوم کے مفادات اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے دورے کا مقصد ایرانی قوم کی آواز کو دنیا تک پہنچا اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر حسن روحانی اقوام متحدہ کی 72ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیو یارک کے دورے پر ہیں۔دورہ اقوام متحدہ کے موقع پر وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، کابینہ کے سنیئر وزرا اور معاونین ڈاکٹر روحانی کے ہمراہ ہیں۔صدر روحانی 20 ستمبر بروز بدھ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
نیو یارک میں اپنے قیام کے دوران، ایرانی صدر مختلف عالمی رہنماؤں، امریکہ کے سیاسی اور ثقافتی عمائدین اور مسلم کمیونٹی کے نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ایرانی صدر اس دورے کے موقع پر بین الاقوامی میڈیا کی موجودگی میں پریس کانفرنس اور بعض نامور امریکی ٹی وی چینلز کو بھی انٹریو دیں گے۔