عالم اسلام کا صہیونی جرائم پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے قیام کا مطالبہ
2653
M.U.H
19/05/2018
اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے سربراہی اجلاس کے اختتام میں مسلم رہنماؤں نے مقبوضہ فلسطین میں ناجائز صہیونی ریاست کے سنگین جرائم پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ترک شہر استنبول میں گزشتہ دن اسلامی سربراہوں کے ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کے آخر میں 30 نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اس اعلامیہ میں اسلامی سربراہوں نے مظلوم فلسطینی عوام پر صہیونیوں کے حالیہ اقدامات کو غیرقانونی، وحشیانہ اور غیرانسانی قرار دیتے ہوئے پُرامن مظاہروں پر حالیہ بربریت کی شدید مذمت کردی۔
اعلامیہ کے مطابق، اسرائیل ایک غاصب فورس ہے جس نے حالیہ دنوں 60 سے زائد فلسطینوں کو شہید اور 2700 سے افراد کو زخمی کردیا۔
اسلامی سربراہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے بیت المقدس کو صہیونی دارالخلافہ تسلیم کرنے کی کوئی حیثیت نہیں بلکہ یہ اقدام فلسطینی کے جائز اور قومی حقوق کی کھلی پامالی ہے۔
گوئٹے مالا نے بھی امریکہ کی پیروی کرتے ہوئے اپنے سفارتخانے کو بیت المقدس منتقل کردیا تھا جس کی اسلامی تنظیم کے اجلاس میں شریک مسلم رہنماوں نے مذمت کردی ہے۔