بیروت : حزب اللہ کے اعلیٰ رکن نے حال ہی میں سید حسن نصراللہ کی جانب سے لبنان کے وزیر اعظم سعد حریری کو ایک پیغام پہنچایا ہے جس میں حزب اللہ کی طرف سے ہر طرح سےان کی حمایت کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
حزب اللہ کے ایک اعلیٰ عہدہ دار نے اس تنظیم کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کی طرف سے لبنانی وزیر اعظم سعد حریری کو پیغام پہنچایا ہے کہ حزب اللہ ہر طرح سے وزیر اعظم کی حمایت کرنے کا اعلان کرتی ہے، تا ہم حزب اللہ سے وابستہ سیاسی ذرائع ابلاغ نے سید نصراللہ اور حریری کے درمیان عنقریب ملاقات کے امکان کی نہ ہی تصدیق کی ہے اور نہ تردید۔
دوسری طرف کہا جارہا ہے کہ اس سلسلہ میں ابھی کئی طرح کی رکاوٹیں پائی جاتی ہیں، مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعد حریری کے ریاض دورے کے وقت ان کے سکریٹری نادر حریری اور حزب اللہ کے سیاسی مشیر کے درمیان ملاقات ہوچکی ہے، ادھر حریری کے سعودی عرب کے دورے سے واپس آنے کے بعد حزب اللہ کے ایک اعلیٰ عہدہ دار نے ان سے ملاقات کی ہے جس میں سید حسن نصر اللہ کی طرف سے ان کے نام دیا جانے والا پیغام ان تک پہنچایا ہے کہ لبنان کی حفاظت اور اس ملک میں قیام امن کی خاطر حزب اللہ ہر میدان میں سعد حریری کی حمایت کرنے کو تیار ہے۔