ایران مخالف امریکی پابندیوں پر عمل نہیں کریں گے:عادل المہدی
3397
M.U.H
26/10/2018
عراق کے نومنتخب وزیراعظم 'عادل المہدی' نے نئی حکومت کے لئے آئندہ روڈ کو متعارف کردیا ہے جس میں عراق کی جانب سے ایران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں پر عمل نہ کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
عراق کے حالیہ پارلیمانی انتخابات کے بعد اراکین پارلیمنٹ نے عادل المہدی کو ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کیا جس کے بعد نومنتخب وزیراعظم نے اپنی حکومت کے لئے آئندہ روڈ میپ کو تیار کرلیا۔
عراق میں یہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ایک نومنتخب وزیراعظم نے نئی انتظامیہ کی آئندہ حکمت عملی پر روڈ میپ کو متعارف کیا۔
عادل المہدی نے اس فریم ورک میں عراق کے لئے 2018 سے 2022 تک منصوبہ بندی کی ہے جس کے تحت ان کی حکومت اور متعلقہ وزارتیں کام کریں گی۔
انہوں نے اس روڈ میپ میں کہا ہے کہ عراقی حکومت دوسرے ممالک کے خلاف بین الاقوامی قوانین سے ہٹ کر یکطرفہ اقدامات اور پابندیوں کا ساتھ نہیں دے گی۔
نومنتخب وزیراعظم نے مزید کہا کہ عراق ہرگز دوسرے ممالک بالخصوص دوست ریاستوں کے خلاف محاذ میں تبدیل نہیں ہوگا کیونکہ عراق کے اپنے دوست ممالک کے ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر مشترکہ مفادات ہیں۔
یاد رہے کہ عراق کے سبکدوش ہونے والے وزیراعظم حیدر العبادی نے گزشتہ مہینوں میں کہا تھا کہ ان کا ملک ایران مخالف امریکی پابندیوں پر کاربند نہیں کیونکہ یہ ظالمانہ اور یکطرفہ ہیں تاہم عراق کو مجبوری کے تحت امریکی ڈالر سے متعلق پابندی پر عمل کرنا پڑے گا۔