ضرورت پڑے تو ایران اور پاکستان مل کر دہشتگردوں کو ختم کریں: آیت اللہ خاتمی
3117
M.U.H
20/10/2018
ایرانی دارالحکومت کے امام جمعہ نے مغوی سرحدی اہلکاروں سے متعلق دفترخارجہ اور مسلح افواج کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اگر ضرورت پڑے تو ایران اور پاکستان مل کر دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کے لئے میدان میں اتریں۔
یہ بات آیت اللہ 'سید احمد خاتمی' نے آج تہران کے مرکزی نماز جمعہ میں شریک ہزاروں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایرانی اہلکاروں کے اغوا کے بعد مسلح افواج اور دفترخارجہ کے حکام نے سنجیدگی سے اس معاملے کو اٹھایا اور ہمیں امید ہے کہ ایسی موثر کوششوں سے ہمارے عزیز محافظوں کو جلد وطن واپس لایا جائے گا۔
انہوں نے سفارتی حکام پر زور دیا کہ وہ ملک کے مشرقی ہمسایہ کو خبردار کریں کہ سرحد پر جو واقعہ ہوا یہ دوستانہ پڑوسی ہونے کے منافی ہے، کیونکہ دہشتگرد عناصر آسانی سر سرحدوں پر آمد و رفت کررہے ہیں۔
تہران کے امام جمعہ نے اس بات کا مطالبہ کیا کہ کوششوں کو بڑھائیں تا کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں، اگر ایران اور پاکستان کے مشترکہ تعاون کی ضرورت ہو تو اسے عملی جامہ پہنایا جائے اور اس کا مقصد سرحد پار دہشتگردوں کا خاتمہ ہو۔