فلسطینی عوام اسرائیلی فوج کے مجرمانہ اقدامات کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے :حماس
1421
M.U.H
05/07/2018
حماس نے مشرقی بیت المقدس میں واقع فلسطینی گاؤں خان احمر پر صیہونی فوج کے حملے، گاؤں کی تباہی اور مکینوں کی بے دخلی کو نسلی تطہیر کی صیہونی پالیسی کا حصہ قرار دیا ہے۔
غزہ میں حماس کے سیاسی دفتر کے رکن حسام بدران نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خان احمر پر اسرائیلی فوجیوں کا حملہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے اور فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کا تسلسل ہے۔
حماس کے رکن نے تمام فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ خان احمر کے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے مجرمانہ اقدامات کا ہر ممکن طریقے سے مقابلہ اور اس کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں۔
قابل ذکر ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے بدھ کے روز جنوب مشرقی بیت المقدس کے فلسطینی گاؤں خان الاحمر پر قبضہ کر لیا ہے اور بلڈوزروں کے ذریعے فلسطینیوں کے تمام مکانات منہدم کر دیئے ہیں۔