ایرانی مسلح افواج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو جنگ ان کے ملک کی سرحدوں تک محدود نہیں رہے گی۔
جنرل باقری کا کہنا تھا کہ ایران پر کسی قسم کے حملے کا امکان نہیں ہے تاہم اگر کسی نے ایسی غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ایرانی مسلح افواج کے ایئر ڈیفنس سسٹم کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل باقری کا کہنا تھا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنا اس وقت کی اہم ترین ضروریات میں سے ہے جس کی ذمہ داری آپ پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کسی میں ہمت نہیں ہے، اگر کسی نے ایران پر حملہ کرنے کی غلطی کی تو سخت جواب دیا جائے گا۔
جنرل باقری کا کہنا تھا کہ ایران پر کسی نے جنگ مسلط کی تو وہ اس جنگ سے باہر نہیں نکل پائیں گے، جنگ شروع کرنا ان کے ہاتھ میں ہے لیکن جنگ سے نکلنا ان کے بس میں نہیں ہوگا۔
باقری کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ کا امکان بہت ہی کم ہے اگر حملہ ہوا بھی تو فضائی ہوگا کیونکہ ایران کے ساتھ زمینی جنگ لڑنا کسی کی بس میں نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید حججی جیسے لاکھوں جوان ملک کا دفاع کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں جس کی وجہ سے کسی کو ایران پر حملہ کرنے کی ہمت نہیں۔