دنیا جوہری معاہدے کے تحفظ کو یقینی بنائے: اقوام متحدہ
2816
M.U.H
12/12/2018
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خطے اور دنیا کے اہم ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران جوہری معاہدے کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
''انٹونیو گوٹیرش'' نے جوہری معاہدے سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے نفاذ پر اپنی چھٹی رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے خطے اور دنیا میں اثر و رسوخ رکھنے والے ملکوں پر زور دیا کہ وہ اس معاہدے کے نفاذ کی ضمانت دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران جوہری معاہدہ عالمی سطح پر اجتماعی سفارتکاری کی اہم مثال اور کامیابی ہے جس کی توثیق سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے ذریعے کی گئی ہے لہذا عالمی برادری اس کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
گوٹیرش نے کہا کہ مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے جوہری معاہدہ حاصل ہوا جو دنیا میں جوہری تخفیف اسلحہ کے لئے بڑی اہمیت رکھتا ہے۔
سربراہ اقوام متحدہ جنہوں نے اپنی گزشتہ رپورٹ میں امریکی علیحدگی اور جوہری معاہدے کے مستقبل پر تشویش کا اظہار کیا تھا، اس بار جوہری معاہدے کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جوہری معاہدہ عالمی امن و سلامتی کے لئے ناگزیر ہے لہذا معاہدے کے تمام فریقین، اراکین سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ، خطے اور دنیا کے اہم ممالک اس کی بقا کی ضمانت دیں۔
انٹونیو گوٹیرش نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جوہری معاہدے کے علاوہ جو مسائل ہیں انھیں کسے اور طریقے سے حل کرنا چاہئے لہذا اس معاہدے کے تحفظ کے ساتھ ان مسائل پر بھی بات چیت ممکن ہے۔
انہوں نے جوہری معاہدے پر پابندی سے عمل درآمد کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کی کارکردگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے بھی اپنی متعدد رپورٹس میں ایران کی شفاف کارکردگی کی تصدیق کرچکی ہے۔
سربراہ اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ امریکی علیحدگی اور ایران پر ماضی کی پابندیوں کی تجدید کو جوہری معاہدے کے لئے اہم چیلنج قرار دے دیا۔
انہوں نے ایران اور یورپی ممالک کے درمیان قریبی رابطے اور مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایران کے لئے یورپ کے مخصوص مالیاتی میکنزم کے جلد نفاذ کا مطالبہ کیا۔