صیہونیوں کے حالیہ جرائم کے لئے امریکی جواب دہ ہیں ،غزہ پر بمباری فوری طورپر بند کی جائے: آیت اللہ خامنہ ای
1500
m.u.h
17/10/2023
تہران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ غزہ پر بمباری فورا بند کی جائے کیونکہ مسلم اقوام واقعی غیظ و غضب میں ہیں جس کی علامتیں صرف اسلامی ملکوں میں ہی نہیں بلکہ مغربی اور یورپی ملکوں میں بھی انجام پانے والے اجتماعات میں نظرآتی ہیں۔
ارنا کے مطابق منگل کی صبح رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملنے کے لئے تہران کے حسینیہ امام خمینی میں تقریبا ایک ہزار دانشوروں اور علمی ہستیوں کا اجتماع ہوا جس میں، اعلی تعلیم کے لئے مقابلے کے امتحانات میں کامیاب ہونے والے، دنیا بھر میں اولمپیاڈ کے نام سے منعقد ہونے والے سائنس وٹیکنالوجی اور علمی مقابلوں میں انعامات حاصل والے،سائنس و ٹیکنالوجی کے ایوارڈ پانے والے، نالج بیسڈ کمپنیوں کے ماہرین، اورسائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرگرم اعلی صلاحیتوں کے مالک افراد شامل تھے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس اجتماع سے خطاب میں فرمایا کہ آج ملک کی علمی برادری کو ایک نئی تحریک کی ضرورت ہے ۔
آپ علمی ہستیوں اور دانشور حضرات سے خطاب میں فرمایا کہ آپ کے پاس علم و دانش ہے اور علم ذمہ داریاں لاتا ہے، اپنے علم سے عوام کے فائدے میں کام لیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں صیہونی حکومت کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر صیہونی حکومت کے جرائم کا سلسلہ جاری رہا تو مسلمین اور استقامتی قوتیں بیتاب ہوں گی اور پھر انہیں روکا نہیں جاسکے گا۔
آپ نے فرمایا کہ یہ جان لیں کہ پھر یہ توقع نہ رکھیں کہ فلاں گروہ کو یہ کام نہ کرنے دیں، کیونکہ یہ حقیقت ہے کہ پھر کوئی بھی انہیں نہیں روک سکے گا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اسی کے ساتھ فرمایا کہ صیہونی کچھ بھی کرلیں اپنی شرمناک شکست کی تلافی نہیں کرسکتے۔ ۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ صیہونی حکومت فلسطینیوں کی نسل کشی کررہی ہے۔
آپ نے فرمایا کہ بعض ملکوں کے سربراہوں نے ہمارے ملک کے حکام کے ساتھ بات چیت میں یہ دعوی کیا ہے کہ فلسطینیوں نے غیر فوجیوں کا مارا ہے، پہلی بات تو یہ ہے کہ ان کا دعوی جھوٹا ہے ، دوسری بات یہ ہے کہ کتنے غیر فوجی مارے گئے ہیں؟ اس کی سوگنا عورتوں اور بچوں کو غاصب صیہونی حکومت شہید کرہی ہے اور ان عمارتوں پر بمباری کررہی ہے جن میں فوجی نہیں رہتے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ انہیں چند دنوں میں کئي ہزار فلسطینی شہید ہوگئے ؛ یہ وہ جرم ہے جو دنیا کی آنکھوں کے سامنے ہے ۔
آپ نے فرمایا کہ غاصب صیہونی حکومت پر ہر حال میں مقدمہ چلانا چاہئے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ صیہونی حکومت کے حالیہ جرائم کے لئے امریکا ذمہ دار ہے ، متعدد رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ان دنوں صیہونی حکومت کےاندر امریکی فیصلے کررہے ہیں اور وہی پالیسیاں طے کرتے ہیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکی اپنی ذمہ داریوں پر توجہ دیں، بمباریوں کا سلسلہ فوری طور پر بند ہو۔
آپ نے فرمایا کہ مسلم اقوام غضبناک ہیں اور ان کا غیظ وغضب صرف اسلامی ملکوں میں ہی نہیں بلکہ دوسرے ملکوں، مغربی ملکوں، یورپی ملکوں ، فرانس، ہالینڈ، اور امریکا، لاس اینجلس وغیرہ میں انجام پانے والے اجتماعات میں بھی دیکھا جاسکتا ہے ۔