مغربی ممالک کے پروگراموں اور ان کی باتوں پر ہرگز بھروسہ نہ کریں : آیت اللہ خامنہ ای
3237
M.U.H
24/01/2019
ایران کے سپریم لیڈر نے فرمایا ہے کہ ملک میں سائنس کی ترقی کا عمل کسی بھی صورت میں رکنا نہیں چاہیے بلکہ عروج کی بلندیوں پر فائز ہونے کیلئے اس کی رفتار میں مزید تیزی لانی چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار قائد انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کے غیرسرکاری ادارے سائنسی انسٹی ٹیوٹ برائے سنجیدہ تعلیم کے اعلی حکام اور ماہرین کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ اگر کوئی ملک سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی نہ کرے تو اس کا انجام، ذلت، پسماندگی اور اس پر عالمی سامراجی طاقتوں کی بالا دستی کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔
قائد انقلاب اسلامی نے گزشتہ 20 سالوں کے دوران میں، سائنس کے میدان میں ترقی کی رفتار کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ موجودہ سائنسی ترقی کی سطح پر انحصار نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اگر ہم اس میدان میں دوسروں سے ذرا بھی پیچھے رہیں تو عروج کے بلندیوں کو چھو نہیں سکتے لہذا سائنسی ترقی کے تسلسل میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے ملک کے سائنسدانوں اور اسکالروں کو دو سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ کہ سائنسی ترقی کی راہ میں مغربی ممالک کی تمام صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں اور ان سے سیکھنے سے ہرگز گریز نہ کریں لیکن اس حوالے سے اس بات کو مد نظر رکھیں کہ سائنسی ترقی کیلئے ہمیشہ مغربی سائنسدانوں کے نقش قدم پر نہیں چلنا چاہیے۔
حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ مغربی ممالک کے پروگراموں اور ان کی باتوں پر ہرگز بھروسہ نہ کریں بلکہ ان کی سفارشات کو ہمیشہ شک اور شبہ کی نگاہ سے دیکھیں کیونکہ مغربی ممالک نے جدید علوم اور سائنس میں زیادہ ترقی کی ہے لیکن اقوام کے خلاف جرائم کا ارتکاب بھی انھوں نے ہی زیادہ کیا ہے۔