حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے تحریک مزاحمت کو فلسطینی عوام کا فطری اور بنیادی حق قرار دیا ہے۔
مصری ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ سرزمین فلسطین پر جب تک غاصبوں کا قبضہ رہے گا اس وقت تک ہتھیار اٹھانا ہماری قوم کا فطری اور بنیادی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس، فلسطین کی آزادی کی قومی تحریک ہے اور اس کی سرگرمیاں صرف اور صرف فلسطینی سرحدوں تک محدود ہیں۔
حماس کے سربراہ نے کہا کہ ان کی تنظیم، دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات اور رابطوں کی خواہاں ہے اور کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر یقین نہیں رکھتی۔
اسماعیل ہنیہ نے الفتح تحریک کے ساتھ اختلافات دور کرنے کی غرض سے انجام پانے والی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ باہمی اختلافات کا دور ختم ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی آشتی کو یقینی بنانے کے لیے جو قیمت بھی اسے ادا کرنا پڑے وہ ادا کرے گی۔