لندن : یورپی یونین نے لبنان کے اندرونی معاملات میں غیر ملکی مداخلت پر خبردار کیا ہے. یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے برسلز میں یورپی یونین کے وزراء کے ساتھ ملاقات میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر کام سے پہلے ہم لبنان کے تمام سیاسی گروہوں سے چاہتے ہیں کہ وہ لبنان پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا: "ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ لبنان کے وزیر اعظم سعد الحریری اپنے وطن اور قومی اتحادی حکومت میں واپس آئیں اور اپنی اندرونی کامیابیوں پر توجہ مرکوز کریں.”
موگرینی نے مزید کہا: "ہمیں لبنان میں بیرونی مداخلت قابل قبول نہیں ہے کیونکہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ لبنان میں علاقائی تنازعات کو روکنے کے لئے بیرونی عدم مداخلت ضروری ہے۔”
یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ نے حریری کی قیادت کے تحت لبنانی حکومت کی کامیابیوں کی بھی تعریف کی۔
دوسری طرف فرانسیسی وزیر خارجہ جان اوود لودران نے لبنان کے معاملات میں بیرونی ممالک کی عدم مداخلت کا مطالبہ کیا ہے اور کہاہے کہ ہم لبنان کے استحکام اور اس ملک کے معاملات میں عدم مداخلت کے بارے میں فکر مند ہیں۔
جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریل نے بھی حریری کی اپنے ملک میں واپس آنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئےکہا ہے کہ لبنان سے حریری کے جانے سے اس ملک کو دھچکا لگا ہے۔لیگزمبرگ کے وزیر خارجہ ژان اسلبورن نےبھی خبردار کیا ہے کہ لبنان کی تباہی خطے کے استحکام کو مزید کمزور کردے گی۔
یادرہے کہ لبنان کے وزیر اعظم سعد الحریری نے چار نومبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں حیران کن طور پر استعفی کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ ایران اور لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ پر بیجا الزامات بھی عائد کئے تھے۔