تہران - رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے والے ایرانی حاجیوں کا پہلا گروپ مدینہ منورہ پہنچ گیا اور اس موقع پر سعودی عرب کے حکام اور نوجوانوں نے ایرانی شہریوں کا پھولوں اور کھجوروں سے استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق، ایران کے جنوبی صوبے 'ہرمزگان' سے تعلق رکھنے والے زائرین ایک کاروان کی صورت میں گزشتہ اتوار کے روز مدینہ منورہ کے ہوائے اڈے پر پہنچ گئے جہاں نائب سعودی وزیر حج 'محمد عبدالرحمن بیجاوی' اور سعودی عرب میں موجود ایرانی حج ادارے کے حکام نے ایرانی زائرین کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سعودی نوجوانوں نے ایرانی زائرین کو پھول اور کھجوریں پیش کیں اور ان کی مدینہ آمد کا بھی خیرمقدم کیا۔استقبالیہ تقریب کے موقع نائب سعودی وزیر حج کا کہنا تھا کہ رواں سال حج میں ایرانی زائرین کی شرکت پر ہم اپنی مسرت کا اعلان کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی وزیر حج سمیت تمام حکام کی کوشش ہے کہ حج کے موقع پر تمام زائرین بشمول ایرانی زائرین کو ہر طرح کی سہولتیں میسر ہوں۔
نائب سعودی وزیر حج نے کہا کہ ہم عمرے میں بھی ایرانی زائرین کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ایرانی صوبے 'ہرمزگان، ہمدان اور اردبیل' سے تعلق رکھنے والے زائرین پر مشتمل تین کاروان مدینہ منورہ پہنچ گئے۔اس سے پہلے ایرانی سپریم لیڈر کے خصوصی نمائندہ برائے امور حج علامہ سید علی قاضی عسکر اور ادارہ حج و زیارات کے سربراہ حمید محمدی نے تہران بین الاقوامی ایئرپورٹ پر ایرانی عازمین حج کو رخصت کیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال ساڑھے 86 ہزار ایرانی شہریوں کو ملک کے مختلف شہروں میں واقع 20 ہوائی اڈوں کے ذریعے حج پر بھیجنے کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ایرانی عازمین حج کو ملک کے مختلف ہوائی اڈوں کے ذریعے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ بھیجا جائے گا جبکہ تہران کے امام خمینی (رح) بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 25200 زائرین کو بھیج دیا جائے گا۔ ایرانی زائرین کو سعودی عرب بھیجنے کا آپریشن 30 جولائی سے شروع ہو کر 25 اگست تک جاری رہے گا۔