ایران کی مسلح افواج نے عالمی سطح پر اپنی طاقت کا لوہا منوایا: آیت اللہ خامنہ ای
652
M.U.H
21/04/2024
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج مسلح افواج کے اعلی حکام کے ساتھ ملاقات میں آرمی ڈے اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے حالیہ واقعات میں مسلح افواج کی کوششوں اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج کی حالیہ کامیابیوں نے دنیا اور عالمی مبصرین کی نظروں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بارے میں عظمت کا احساس پیدا کیا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے تاکید کی کہ اللہ کے فضل سے، مسلح افواج اپنی صلاحیتوں اور عظمت کے لئے اچھی شہرت رکھتی ہیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے دنیا کو ایرانی قوم کا ایک قابل تعریف چہرہ دکھایا اور بین الاقوامی سطح پر ایرانی قوم کی قوت ارادی کے بھرپور اظہار کا ثبوت دیا۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مزید فرمایا کہ داغے گئے میزائلوں کی تعداد اور یا ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائلوں کا مسئلہ اس زبردست جوابی کارروائی میں ثانوی حیثیت کا حامل ہے۔ جب کہ بنیادی مسئلہ ایرانی قوم اور مسلح افواج کا بین الاقوامی میدان میں اپنی قوت ارادی کا برملا اظہار ہے کہ جس پر فریق مخالف بوکھلاہٹ کا شکار ہوا۔
انہوں نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، فوج اور پولیس فورس کی کوششوں اور سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے مسلح افواج کو نصیحت کی کہ دشمنوں اور ان کی دشمنیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جدوجہد اور عملی اقدام پر بھروسہ کرتے ہوئے جدت کے ساتھ ساتھ دشمن کے حربوں اور سازشوں کا علم ہمیشہ ایجنڈے میں ہونا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایرانی قوم کا وقار دنیا کی نظروں میں مزید نمایاں ہونا چاہیے، کہا: باصلاحیت، قابل اور تخلیقی قوتوں کی شناخت کے ساتھ ، خدائے بزرگ و برتر پر بھروسہ رکھیں اور جان لیں کہ خدا کی جانب سے مومنین کے دفاع کا وعدہ یقینی اور ناقابل تردید ہے.
اس ملاقات میں مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل باقری نے 2023ء کی اہم پیش رفت اور 2024ء کے ابتدائی ہفتے کے واقعات یعنی آپریشن " وعدہ صادق" کا ذکر کرتے ہوئے مسلح افواج کی تازہ ترین تیاریوں اور صلاحیتوں کے حوالے سے مختصر رپورٹ پیش کی۔