دشمن جانتا ہے کہ ایران ایٹمی بم کی تلاش میں نہیں ہے: آیت اللہ خامنہ ای
2857
M.U.H
17/02/2022
تہران: قائد اسلامی انقلاب نے فرمایا ہے کہ دشمن جانتا ہے کہ ایران ایٹمی بم کی تلاش میں نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جمعرات کے روز 1978 تبریز کے لوگوں کی بغاوت کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعہ تبریزی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے پہلوی حکومت کے خلاف تبریزی عوام کی 1978 کی بغاوت کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ تبریزی عوام نے اس دن کو اسلامی انقلاب کی تاریخ میں چمکایا۔
انہوں نے فرمایا کہ تبریز میں 18 فروری 1978 کی بغاوت قم کے لوگوں کی بغاوت کا تسلسل تھا جو 40 دن پہلے برپا ہوا تھا اور یہ اقدام اسلامی انقلاب کے ثمرات کا باعث بنا۔
انہوں نے فرمایا کہ اس بغاوت نے شہدائے انقلاب اسلامی کی 40 روزہ یاد منانے کی روایت کو مزید مستحکم کر دیا۔
رہبر معظم نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ اسلامی انقلاب نہ بندوق اور سیاسی کھیل سے اور نہ ہی پارٹیوں سے بلکہ عوام کی موجودگی سے فتح یاب ہوا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ ایران کا علاقہ آذربائیجان تین چار صدیاں پہلے سے قومی اتحاد اور مزاحمت کا محرک رہا ہے۔