واشنگٹن : نیوز ویک کا کہنا ہے کہ ایران نے "خرمشہر” نامی میزائل کی رونمائی کرکے امریکہ اور اسرائیل کے منہ پر زور دار طمانچہ مارا ہے۔نیوز ویک نے لکھا ہے کہ ایران نے امریکی صدر ٹرمپ کے حالیہ ایران مخالف بیانات کا جواب دیتے ہوئے دور مار میزائل کی رونمائی کی ہے۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایئر فورس کے کمانڈر امیرعلی حاجیزاده نے میزائل کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا وزن ایک ٹن ہے اور یہ 2000 کلو میٹر تک وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھنے کے علاوہ کئی اہداف کو ایک ہی وقت میں نشانہ بنا سکتا ہے۔
مسلح افواج سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تہران حکومت اپنے میزائل پروگرام کو وسعت دیتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
تہران میں فوجی پریڈ سے خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی نےکہا کہ تہران حکومت نہ صرف اپنے میزائل پروگرام کو مزید بہتر اور مؤثر بنائے گی بلکہ ساتھ ہی فضائیہ اور بحری افواج کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔