تہران - ایران کے صدر نے کہا ہے کہ پاسداران انقلاب کی جانب سے داعش کے دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر میزائل کاروائی بروقت اور بجا تھی اور یہ فیصلہ ہماری قومی سلامتی کے دائرہ میں آتا ہے جس پر ہم سب متفق ہیں۔ یہ بات صدر مملکت ڈاکٹر 'حسن روحانی نے گزشتہ روز تہران میں علمائے کرام کے اعزاز میں افطاری کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی پر کوئی حلقہ بندی یا گروپنگ کی گنجائش نہیں لہذا اگر کہیں میزائل کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس کا تعلق ہماری قومی سلامتی سے ہے۔صدر روحانی نے کہا کہ علاقائی مسائل اور عالمی تبدیلیوں پر ہماری پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی مگر جب ایک مخصوص گروپ کو کہیں سے بھیجا جاتا ہے جس کا مقصد سفاک کاروائی اور ایران کو نقصان پہنچانا ہے تب تو یقینا ایسے تحرکات کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے فرمایا کہ پارلیمنٹ اور امام خمینی (رح) کے مقدس مزار پر حملے کرنے والے دہشتگرد اپنے شیطانی عزائم میں مکمل ناکام رہے کیونکہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ایسی کاروائیوں کا بھرپور انداز میں جواب دیا اور آئندہ بھی پوری طاقت کے ساتھ اپنا ردعمل دے گا۔صدر روحانی نے کہا کہ جیسا کہ قائد اسلامی انقلاب نے فرمایا، جو لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ ایرنا پر طمانچہ مار سکتے ہیں وہ جان لیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران ان کے منہ پر طمانچہ مارے گا کیونکہ ہم ان عناصر کا جو ہماری قوم اور سرزمین پر یلغار کرتے ہیں، منہ توڑ جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران اسلامی انقلاب(آئی آر جی سی) نے تہران حملوں کے جوابی ردعمل میں اتوار کی رات شام کے علاقے دیر الزور میں قائم داعش کے تکفیری اور دہشتگردوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔پاسداران انقلاب کے مطابق، کرمانشاہ اور کردستان میں موجود آئی آر جی سی ایرواسپیس بیس سے شام میں قائم دہشتگردوں کے مراکز پر درمیانے سطح اور زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کو سنگین نقصان پہنچا۔ابتدائی معلومات کے مطابق، اس کاروائی میں متعدد دہشتگرد ہلاک اور ان کے جنگی آلات، تنصیبات اور اسلحہ ڈپو بھی مکمل تباہ ہوگیا ہے۔سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے مزید کہا کہ اس کاروائی کا مقصد اور پیغام واضح ہے، ہم دہشتگردوں اور ان کے علاقائی اور بیرونی حواری اور حامیوں کو انتباہ کرتے ہیں کہ اگر ایرانی قوم کے خلاف ایسے سفاکانہ اور شیطانی اقدامات دہرائے گئے تو آئندہ ہمارا ردعمل مزید سخت اور تباہ کن ہوگا۔پاسداران انقلاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ رات شام کے علاقے دیر الزور پر داعش دہشتگرد تنظیم کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز پر 6 میزائل داغے گئے جو نہایت کامیاب رہے۔یاد رہے کہ 7 جون کو تہران میں ایرانی مجلس اور امام خمینی (رح) کے مزار پر دہشتگردی کے حملوں کے نتیجے میں 18 روزہ دار شہید اور 56 افراد زخمی ہوگئے۔