ٹرمپ ہرگز اپنے مضموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا: جنرل باقری
3055
M.U.H
25/07/2018
ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کی بہادر قوم اور مسلح افواج کے سامنے امریکی صدر کی باطل سوچ اور مضموم سازشیں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گی۔
یہ بات میجر جنرل 'محمد باقری' نے منگل کے روز امریکی صدر اور حکمرانوں کی اشتعال انگیز باتوں پر اپنا ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی بہادر قوم اور مسلح افواج کی صلاحیتوں کے خلاف امریکی صدر کی باطل سوچ کو کبھی کامیابی نہیں ملے گی. امریکی صدر اور حکمران ناتجربہ کار ہیں اور ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمارے دشمنوں کو بے وقوف تخلیق کیا ہے۔
جنرل باقری نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج قائد اسلامی انقلاب کی ہدایات اور اعلی قومی سلامتی کونسل کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے وطن عزیز کو درپیش ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے آمادہ ہیں۔
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دنیا کا نفرت آمیز ترین فرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر اقتصادی دباؤ کے ذریعے ایرانی قوم کے درمیان تفرقہ اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔
ایرانی سپہ سالار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے بہادر بیٹے اور جوان ہمہ وقت قوم اور ریاست کی حفاظت کےلئے تیار ہیں اور امریکہ جیسے دشمن کو چاہئے کہ وہ شیر کی دم سے نہ کھیلے کیونکہ امریکہ کے تمام مراکز اور دفاعی مفادات ایران کی طاقت کی گرفت میں ہیں۔
انہوں نے امریکی صدر کو انتباہ کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کے امریکی اقدام کا خطے اور عالمی سطح پر دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
میجر جنرل محمد باقری نے مزید کہا کہ ایران امن و سلامتی کا علمبردار ہے اور اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے اور ہم خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کی حفاظت کے لئے کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کریں گے۔