ایران سے متعلق امریکی بدمعاشی منظور نہیں: ضیاء الاسدی
2668
M.U.H
23/05/2018
عراق کے حالیہ انتخابات میں کامیاب سیاسی جماعت صدر موومنٹ نے کہا ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات سے متعلق امریکہ خواہشات اور بدمعاشی کو تسلیم نہیں کرے گی۔
یہ بات سید مقتدیٰ صدر کی قیادت میں صدر موونٹ کے ترجمان 'ضیاء الاسدی' نے المیادین چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات سے متعلق ہمیں ڈیکٹیٹ نہ کرے۔
ترجمان نے ایران کے حوالے سے امریکی حکام کے حالیہ بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ صدر موونٹ اور اس کے اتحادی نے عراق میں اتنی جنگ اور قربانیاں نہیں دیں کہ آج امریکی ایما اور خواہشات کے سامنے اپنا سر جھکائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی، سماجی، سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں مشترکہ مفادات ہیں لہذا ہم اس حوالے سے دوسروں کے ڈیکٹیٹ کو قبول نہیں کریں گے۔
ضیاء الاسدی نے کہا کہ ہمارے نزدیک امریکی خواہشات کی کوئی حیثیت نہیں ہے. عراق کی پالیسی ایک متوازن معیار کے تحت ہونی چاہئے جس میں عراقی مفادات کی حفاظت اور پڑوسی ممالک کے مفادات کا تحفظ شامل ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امریکی پالیسی شکست کھاچکی ہے. اور آج امریکہ کی وجہ سے ہی خطہ شدید خطرات سے دوچار ہے۔
صدر موومنٹ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی جماعت کے سربراہ سید مقتدیٰ صدر ہرگز یہ اجازت نہیں دیں گے کہ عراقی سرزمین کو ہمسایہ ممالک پر حملے کے لئے استعمال کیا جائے۔
انہوں نے عراق سے ملک بدر ہونے والے سعودی سفیر ثامر السبہان کے ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر موومنٹ اور سعودی عرب کے درمیان کوئی خصوصی مراسم یا خفیہ تعلقات قائم نہیں۔