امریکی اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے صحیح طریقہ کار اختیارکرنا ضروری: علی لاریجانی
3188
M.U.H
13/06/2018
ایران کے پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے اس اقدام سے ملک کی سرمایہ کاری پر تھوڑا اثر پڑا ہے اور اس سلسلے میں کچھ انتظامات کر لئے گئے ہیں اور مذاکرات کئے جا رہے ہیں۔
ایران کے پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے منگل کے روز نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کے پیش نظر کہ امریکیوں نے ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں غیر قانونی اور غیر اخلاقی قدم اٹھاتے ہوئے اس بین الاقوامی معاہدے سے نکلنے کا اعلان کیا ہے، امریکی اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے صحیح طریقہ کار اختیار کیا جانا ضروری ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی اقدامات کوئی نئی بات نہیں ہے اور ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ہی ایران کے خلاف امریکی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے آٹھ مئی کو ایٹمی معاہدے سے نکلنے کا اعلان کردیا تھا جس کی علاقائی اور عالمی سطح پر مذمت اور مخالفت کی گئی تھی - یورپی ملکوں نے بھی اس بات کا اعلان کیا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے کو باقی رکھیں گے ۔
دوسری جانب رہبرانقلاب اسلامی نے گذشتہ دنوں اپنے ایک خطاب میں فرمایا تھاکہ یورپی ملکوں کو ایٹمی معاہدے کے تعلق سے عملی ضمانت فراہم کرنی ہوگی ۔