دشمن ایران کی ترقی و پیشرفت کو نہیں روک سکتا:حاتمی
2995
M.U.H
18/12/2018
ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ پابندیوں اور دشمنی کے باوجود ملک ترقی و پیشرفت کے راستے پر گامزن ہے۔
تہران کی مالک اشتر یونیورسٹی میں ہفتہ ریسرچ اور ٹیکنالوجی کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع برگیڈیئر جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ پچھلے چـالیس برس کے دوران ایران کو امریکہ اور اسرائیل کی سرکردگی میں قائم سامراجی محاذ کی دشمنی کا سامنا رہا ہے لیکن اس کے باوجود ایرانی عوام ہر معرکے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو دفاعی لحاظ سے کمزور کرنا دشمنوں کا اصل ہدف ہے اور ایران کے میزائل پروگرام اور علاقائی اثرو رسوخ کی مخالفت اسی غرض سے کی جا رہی ہے۔
بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ تسلط پسند عالمی طاقتیں ایران پر ضرب لگانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے بھرپور اقتصادی جنگ بھی اسی لئے چھیڑی ہے تاکہ ایران کے اسلامی نظام اور ہماری دفاعی طاقت کو نشانہ بنایا جا سکے۔
انہوں نے خطے کے بعض عرب ملکوں کے ساتھ امریکہ کے اسلحے کی فراہمی سے متعلق بھاری بھرکم معاہدوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو کمزور کرنا اور اپنی پٹھو حکومتوں کو مضبوط بنانا امریکہ کا اصل مقصد ہے لیکن ایران، لطف الہی اور رہبر انقلاب اسلامی کی مدبرانہ قیادت میں، تمام تر پابندیوں اور دشمنی کے باوجود ترقی و پیشرفت کی منزلیں طے کر رہا ہے۔