ایران کی نوجوان نسل مستقبل سے پر امید رہے: آیت اللہ خامنہ ای
3291
M.U.H
14/02/2019
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسلامی انقلاب کی 40ویں سالگرہ کی ریلیوں میں قوم کی تاریخی شرکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نوجوان نسل کو ہدایت کی ہے کہ وہ مستقبل سے پر امید رہے۔
قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی ''سید علی خامنہ ای'' نے بدھ کے روز ایران کے یوم آزادی کی 40ویں سالگرہ پر خصوصی بیان جاری کیا۔
انہوں نے فرمایا کہ ایرانی قوم کا شکرگزار ہوں جس نے انقلاب کی ریلیوں میں اپنی تاریخی شرکت سے دشمنوں کو ایک بار پھر مایوس کردیا۔
قائد انقلاب نے اپنے بیان میں ایرانی نوجوانوں پر خصوصی توجہ دی اور ان سے حوصلہ نہ ہارنے اور مستقبل سے امید رکھنے کو کہا ہے۔
انہوں نے فرمایا کہ ایران کے دشمن ہمیشہ جھوٹی باتوں اور مکروہ اقدامات کے ذریعے قوم کو مایوس کرنا چاہتے ہیں تاہم ایرانی عوام کو خوف اور مایوسی کو اپنے سے دور کرنا ہوگا۔
آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے مزید فرمایا کہ ملک کی نوجوان نسل جان لے کہ ایران کو درپیش مشکلات اور مسائل کا حل صرف ملک کے اندر ہے۔
انہوں نے فرمایا کہ اگر کوئی صرف یہ خیال کرے کہ ملک کی معاشی مشکلات کی اصل وجہ پابندیاں ہیں اور پابندیوں کی وجہ دشمنوں کے سامنے نہ جھکنا اور سامراجیت کے خلاف ایران کی مزاحمت ہے اور اس سے نکلنے کا واحد راستہ دشمنوں کے سامنے سر جھکانا ہے تو وہ بڑی غلطی کا شکار ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر نے فرمایا کہ مغربی ممالک کی پیشکش ہمیشہ جھوٹ اور فریب پر مبنی ہوتی ہے جس کی وجہ سے آج ایرانی قوم نہ صرف جرائم پیشہ امریکہ بلکہ بعض یورپی حکومتوں کو بھی ناقابل بھروسہ سمجھتی ہے۔
انہوں نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہرگز انقلابی اور قومی اقدار سے ایک قدم بھی پیچھے نہ ہٹے اور مغرب کی کھوکھلی دھمکیوں سے خوفزدہ نہ ہو اور تمام حالات میں وطن عزیز ایران اور قوم کی عزت کی پاسداری کرے۔
قائد اسلامی انقلاب نے اپنے اس اہم بیان میں ایران میں سائنس، ٹیکنالوجی اور معیشت کے شعبوں میں مزید ترقی لانے اور اخلاقیات اور روحانیت کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے فرمایا کہ طاقتور معیشت اسلامی جمہوریہ ایران کو اپنے اہداف تک پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔