آیت اللہ خامنہ ای کا ایرانی حکام کو حالیہ دہشتگردی کے واقعے کی تہ تک جانے کا حکم
3299
M.U.H
16/02/2019
سپریم لیڈر ایران 'آیت اللہ خامنہ ای' نے گزشتہ رات دہشتگردی کی سفاکانہ کاروائی میں پاسداران انقلاب فورس کے اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے کے لئے اس واقعے کی تہ تک جائیں۔
قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی ''سید علی خامنہ ای'' نے جمعرات کے روز ملک کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں رونما ہونے والے دہشتگردی کے واقعے کے متاثرین کے ساتھ ہمدری اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ اس واقعے میں قطعی طور پر بعض علاقائی اور غیرعلاقائی ممالک کے جاسوسی ادارے ملوث ہیں جنہیں بے نقاب کرنے کے لئے متعلقہ حکام سنجیدگی کے ساتھ واقعے کی تہ تک جائیں۔
سپریم لیڈر نے اپنے بیان میں فرمایا کہ سفاک دشمنوں نے ایک بار پھر وطن عزیز ایران کے غیرت مند جوان اور جاں نثاروں کا جو قوم اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، بے دردی سے خون بہایا۔
انہوں نے اس موقع پر شہدا کے اہل خانہ اور پاسداران اسلامی انقلاب فورس (IRGC) کے ساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
یاد رہے کہ دہشتگردوں نے گزشتہ رات زاہدان،خاش روڈ پر پاسداران انقلاب کے اہلکاروں کی بس کو کار بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں درجنوں اہلکار شہید اور زخمی ہوئے۔
بدنام زمانہ دہشتگرد تنظیم جیش العدل نے اس سفاکانہ کاروائی کی ذمہ داری قبول کی ہے۔