تہران - اسلامی جمہوریہ ایران کی انسانی حقوق کونسل کے چیئرمین نے ایرانی شہریوں کے امریکی میں داخلے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو بے وقوفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امریکہ کی طرح رویہ اختیار نہیں کرتے اور نہ ہی ایران کا سفر کرنے کے لئے یورپی اور امریکی دانشوروں پر کوئی پابندی ہے۔
'محمد جواد لاریجانی نے ارنا کے نمائندے کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں ایرانی شہریوں کے داخلے پر پابندی لگا کر احمقانہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ثابت کردیا ہے کہ وہ کبھی بھی کسی دہشتگردی کے واقعے میں ملوث نہیں جبکہ موجودہ حالات میں ٹرمپ داعش کا سرغنہ بنا ہوا ہے۔ لاریجانی نے کہا کہ جو ممالک دہشتگردوں کی تخلیق میں ملوث ہیں آج وہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ کرنے کا دعوی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا ہرگز کسی دہشتگردی واقعے میں ہاتھ نہیں بلکہ ان عناصر کا ہاتھ ہو جو امریکہ اور سعودی عرب کے دوست بھی ہیں جن کے ساتھ تلوار کا رقص بھی کرتے ہیں۔ اعلی ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ ہم امریکہ کی طرح رویہ اختیار نہیں کرتے اور نہ ہی یورپی اور امریکی دانشوروں اور عمائدین پر ایران کا سفر کرنے کے لئے کوئی پابندی لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح دہشتگردی کے خلاف شفاف مقابلہ کرنا ہے اور یہ ہمارا دوٹوک مؤقف ہے۔ محمد جواد لاریجانی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے اور دنیا میں دہشتگردی کی جڑوں کا خاتمہ کرنے کا خواہاں ہے مگر امریکہ موجودہ حالات میں خطرناک کھیل کھیل رہا ہے۔