اقوام متحدہ نے داعش اور جبہۃ النصرہ سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں اور اسرائیل کے روابط کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک سولہ بار دہشت گرد گروہوں اور صہیونی حکومت کے درمیان براہ راست روابط کو ریکارڈ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹونیوگوٹرش نے کہا ہے کہ اسرائیل شام میں داعش سمیت دیگر کئی دہشت گرد گروہوں کو مدد فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جولان کے علاقے میں اقوام متحدہ کی محافظ امن فورس کی رپورٹ کے مطابق صہیونی حکومت نے متعدد بار شام میں موجود دہشت گرد گروہوں کے ساتھ براہ راست رابطہ کیا ہے اور مسلسل ان کو امداد بھی بھیجی جا رہی ہے۔
اقوام متحدہ کی محافظ امن فوج کی رپورٹ کے مطابق صہیونی حکومت اور شام میں موجود دہشت گردوں کے درمیان اب تک سولہ بار رابطے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے صہیونی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے میں دہشت گردوں کی حمایت کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں پر جارحیت سے بھی اجتناب کرے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد بار اسرائیل اور شامی دہشت گرد گروہوں کے درمیان روابط کا انکشاف ہو چکا ہے جبکہ شام میں زخمی ہونے والے دہشت گردوں کا اسرائیل میں مفت علاج معالجہ بھی کیا جاتا ہے۔