بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ لبنان اور شام کی مشترکہ سرحدوں پہ حالیہ آپریشن کا اصل مقصد ان علاقوں سے داعش کے دہشتگرد اور تکفیری عناصر کا خاتمہ کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار 'سید حسن نصراللہ' نے گزشتہ روز لبنانی ٹی وی چینل المنار سے براہ راست نشر ہونے والے اپنے خطاب میں کیا۔
انہوں نے مشترکہ سرحدوں میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں شامل شامی افواج، لبنانی فوج اور حزب اللہ کے مجاہدین کی جد و جہد کو سراہتے ہوئے ان کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شام اور لبنان کی سرحدوں سے دہشتگردوں کا مکمل قلع قمع ہونے تک آپریشن جاری رہے گا۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ آپریشن کے چھ دن گزرنے کے بعد اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں اور اس دوران لبنانی آرمی نے 100 کلومیٹر اور حزب اللہ نے 20 کلومیٹر کے علاقوں کو داعش کے دہشتگردوں سے آزاد کرایا۔انہوں نے کہا کہ داعش نے شام اور لبنان کی سرحدوں علاقوں کو مل کر 330 کلومیٹر پر قبضہ کرلیا تھا مگر اس وقت داعش کے دہشتگرد 60 کلومیٹر کی محیط میں دونوں ممالک کی سیکورٹی فورسز کے گھیرے میں ہیں۔ حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا جس کے بعد بہت جلد فتح کا جشن بھی منائیں گے۔