نیو یارک: ایران کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ایرانی قوم کے خلاف ہرزہ سرائیوں کے ردعمل میں کہا کہ وہ ٹرمپ کی بے بنیاد باتوں کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتے۔
'محمد جواد ظریف' جو اس وقت صدر اسلامی جمہوریہ ایران جناب ڈاکٹر 'حسن روحانی کے ہمراہ اقوام متحدہ کی 72ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیو یارک کے دور پر ہیں، نے مزید کہا کہ ایرانی قوم کے خلاف ٹرمپ کی باتیں نہایت من گھڑت اور بے بنیاد تھیں جن کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتا۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی اندرونی اور خارجہ پالیسی بالخصوص دہشتگردی کے خلاف جنگ کے خلاف ٹرمپ کے بیانات کو شرمناک اور جاہلانہ قرار دے دیا۔ظریف نے کہا کہ ٹرمپ کی ہرزہ سرائیوں کا مقصد عوام کو دھوکا دینا ہے اور یہ رویہ امریکہ کی جانب سے غاصب اور جرائم پیشہ صہیونیوں اور خطے میں جابر حکمرانوں کی حمایت کرنے کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ خطے میں دہشتگرد تنظیموں کی تشکیل اور ان کو مضبوط کرنے میں ملوث ہے لہذا ایسی ہرزہ سرائیوں سے دنیا میں امریکہ مزید تنہا اور بے اعتبار ہوگا۔