ایران، آبنائے ہرمز کی سیکورٹی کا ضامن ہے: ابوالفضل شکارچی
3356
M.U.H
06/08/2018
ایرانی پاسداران انقلاب فورس (IRGC) کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی سیکورٹی کا تعلق ایران کی علاقائی طاقت سے وابستہ ہے لہذا اس خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے کسی اقدام سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
یہ بات بریگیڈیئر جنرل ''ابوالفضل شکارچی'' نے پیر کے روز تہران میں ایک مقامی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خلیج فارس میں اگر اقدامات کئے جارہے ہیں تو یقینا اس کا مقصد آبنائے ہرمز کی امن و سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں ںے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، آبنائے ہرمز کی سلامتی کا ضامن ہے اور ہمارا سوا کسی اور فریق کی جانب سے اس حوالے سے بات کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ترجمان پاسداران انقلاب فورس نے مزید کہا کہ دشمن کو ایران کی طاقت کا اچھی طرح سے علم ہے لہذا وہ باتیں کرنے سے پہلے ہماری طاقت کا اندازہ لگالیتے ہیں اسی لئے وہ ہماری قابلیت کو دیکھ کر خوف کا شکار ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاسداران انقلاب فورسز نے گزشتہ ہفتے مسلح افواج کی دفاعی اور عسکری طاقت کو مزید بڑھانے کے لئے خلیج فارس میں مشقوں کا انعقاد کیا تھا۔