تہران، 15 مارچ، ارنا - قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ ایرانی قوم اور نوجوانوں کے جذبہ ایمانی اور عزم کی برکت سے آج وطن عزیز کے خلاف امریکہ اور صہیونیوں کی سیاسی، معاشی، عسکری اور ثقافتی یلغار کو ناکام بنادیا گیا ہے.
ان خیالات کا اظہار سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ العظمی 'سید علی خامنہ ای' نے جمعرات کے روز تہران میں ایرانی ماہرین اسمبلی کے صدر اور اراکین کے ساتھ ایک ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے کیا.
اس موقع پر انہوں نے فرمایا کہ امریکہ اور ناجائز صہیونی ریاست نے ایران پر مختلف شعبوں میں یلغار کیا مگر ایران کے عظیم عوام اور نوجوان طبقے نے مضبوط عقیدے اور یمان سے ان تمام سازشوں کا مقابلہ کیا ہے.
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی قربانیوں اور شہید محسن حججی جیسی بلند پایہ شخصیات کے طرز عمل کے ذریعے معاشرے کے ایمان و عقیدوں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا.
قائد انقلاب نے عوامی خدمت سے متعلق حکام اور علما بالخصوص ماہرین اسمبلی کے اراکین پر زور دیا کہ زبانی کلامی باتوں سے ہٹ کر عملی اقدامات اٹھائیں. اشرافیت اور دنیا داری سے سختی سے پرہیز کیا جائے جس سے اللہ کی برکت بھی ملے گی جبکہ عوام کی جانب سے بھی حکمرانوں پر اعتماد اور ان کے عقیدے میں بھی اضافہ ہوگا.
انہوں نے مزید فرمایا کہ عوام کو درپیش معاشی سمیت دیگر مشکلات کا ہمیں علم ہے اور ہم سمجھتے ہیں ملک میں ایسی کوئی مشکل نہیں جس کا حل ممکن نہ ہو، انشااللہ آئندہ دنوں تک اس حوالے سے قوم کے ساتھ بات کروں گا.
آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ وطن عزیز ایران کا مستقبل روشن ہے تاہم اس مقصد کو پورا کرنے کے لئے علما، حکام، تعلیمی اور تشہری اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا.
ایران کی ماہرین اسمبلی کی حساس پوزیشن اور ذمہ داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین اسمبلی دین و سیاست کے درمیان گہرے تعلق کی مظہر ہے.
انہوں نے ایران کے سیاسی، معاشی، سماجی، ثقافتی اور سیکورٹی کے محاذوں پر دشمنوں کے ساتھ مقابلے کا حوالہ دیتے ہوئے مزید فرمایا کہ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ ایران نے اس مقابلے یا جنگ کو شروع کیا، جبکہ ایسا کہنا درست نہیں.
سپریم لیڈر نے مزید فرمایا کہ ایران نے اسلامی تعلیمات کے تحت معاشرے میں عدل و انصاف کی بالادستی، جبر و ستم کے خلاف مزاحمت اور مظلوم کی حمایت کی ہے جو دشمنوں سے ہضم نہیں ہوئی اور یہی وجہ ہے کہ انہوں ایران کے ساتھ جنگ کی.
یہ بات قابل ذکر ہے کہ قائد انقلاب کے خطاب سے پہلے ماہرین اسمبلی کے صدر آیت اللہ احمد جنتی نے اسمبلی کی سرگرمیوں پر رپورٹ پیش کی اور کہا کہ اسمبلی کی جانب سے ملکی ترقی اور مشکلات کا قریب سے جائزہ لینے کے لئے ایک خصوصی وفد تشکیل دیا ہے.