ایران کا امریکہ کو انتباہ : ایران پر حملہ ہوا تو عالمی جنگ شروع ہوگی :خاتمی
1523
M.U.H
23/08/2018
ایران کے ایک سینئر عالم احمد خاتمی نے امریکہ کو چیلنج کیا ہے کہ اگر ان کے ملک پر حملہ ہوا تو اس کا نتیجہ جنگ ہوگااورامریکہ و اس کے حمایتی ممالک ان کے نشانے پر ہوں گے۔
خاتمی بدھ کو عید کی نما ز میں شامل لوگوں سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہپتا ہے کہ ایران اپنے میزائیل پروگرام اور علاقائی دبدبہ کی کوشش کو لیکر اس کے سامنے جھک جائے،اس لئے صدر ڈونالٖڈ ٹرمپ کی ایرانی لیڈران کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش ناقابل قبول ہے۔
امریکہ کہتا ہے کہ ہمیں تجویز قبول کر لینی چاہئے یہ مذاکرات سمجھوتہ کے لئے نہیں ہے، بلکہ تاناشاہی ہے اور ایران اس تانا شاہی کے خلاف کھڑا ہوگا‘‘ انہوں نے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ’’ امریکہ کو ایران کے ساتھ جنگ کی بھاری قیمت چکانی پڑ سکتی ہے وہ جانتے ہیں کہ اگر ایران کو نقصان پہنچایا گیا تو امریکہ اور اسرائیل ان کے نشانے پر ہوں گے‘‘۔
اس سے پہلے ایرانی صدر حسن روحانی نے منگل کو کہا تھا کہ ایران کی طاقت کو دیکھ کر ہی امریکہ اس پر حملہ کرنے کی ہمت نہیں کر پا رہا ہے۔انہوں نے ایرانی فوج کو مزید مضبوط کرنے کے اپنےارادے کا بھی اظہار کیا۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ 2015 میں کئے گئے بین الاقوامی جوہری معاہدے سے جون میں پیچھے ہٹتے ہوئے اسی مہینے ایران پر دوبارہ اقتصادی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ایران پر کار کی صنعت،زیورات کی تجارت اور امریکی ٖڈالر کی خرید کو لیکر پابندیاں عائد کی گئی ہیں ۔امریکہ نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ آنے والے نومبر میں ایران کے خلاف پابندیوں میں توسیع کرتے ہوئے وہاں کے تیل اور بینکنگ سیکٹر س کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔