تہران - اسلامی جمہوریہ ایران نے اسپانوی شہر 'بارسلونا' میں گزشتہ رات دہشتگردی کے حملے اور غیرانسانی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دنیا کے امن پسند اور ذمہ دار ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے عالمی اتحاد قائم کریں۔
'بہرام قاسمی' نے جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں بارسلونا سٹی سنٹر میں گزشتہ رات ہونے والی دہشتگردی کی کاروائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کی۔ انہوں نے ہسپانوی قوم اور حکومت کے ساتھ یکجہتی اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔ قاسمی نے مزید کہا کہ عالمی مشکلات کو عالمی حکمت عملی کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے لہذا دنیا کے امن پسند اور ذمہ دار ممالک تشدد، بدامنی اور دہشتگردی کے خلاف ایک عالمی اتحاد کو تشکیل دیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں دہشتگردوں اور انتہاپسندوں کی مسلسل شکست کے بعد، اب دنیا کے مختلف علاقوں میں ہولناک کاروائیاں کرنا ان عناصر کا مقصد بن چکا ہے اور یہ درندہ عناصر نہتے عوام کو نشانہ بنانے میں اتر آئے ہیں۔بہرام قاسمی نے کہا کہ آج داعش دہشتگردوں کی کاروائیاں صرف ایک مخصوص خطے تک محدود نہیں بلکہ یہ اقدامات دنیا کے مختلف علاقوں تک پھیل چکے ہیں اور آج مشرق وسطی سے لے کر افریقہ، مشرقی ایشیا اور یورپ تک ایسی انسانیت سوز کاروائیوں کا مشاہدہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا کے ممالک اختلافات سے ہٹ کے دہشتگردی کے خلاف ایک بین الاقوامی اتحاد بنائیں اور اس مقصد کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران جو خود دہشتگردی اور انتہاپسندی کا شکار ہے، عالمی برادری کے ساتھ تعاون اور مدد کے لئے تیار ہے۔ یاد رہے کہ سپین کے شہر بارسلونا میں گزشتہ رات دہشتگردوں نے وین راہگیروں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے. پولیس نے واقعے کو دہشت گردی قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق؛ بارسلونا حملے کی ذمہ داری دہشتگرد اور تکفیری تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔