سوئیڈن میں قرآن کی توہین پر آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کا اقوام متحدہ کو خط
2472
m.u.h
30/06/2023
رجع تقلید آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام اپنے خط میں قرآن کی توہین جیسے شرمناک اقدام کو آزادی بیان کی روح کے منافی قرار دیا ہے۔
ذیل میں آیت اللہ سیستانی کے خط کا متن پیش کیا جارہا ہے:
اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان، نہایت رحم کرنے والا ہے
جناب انٹونیو گوٹریش، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
نہایت احترام و ادب کے ساتھ
ذرائع ابلاغ نے یہ خبر دی ہے کہ سوئیڈن میں کسی نے دین اسلام کی توہین کے مقصد سے قرآن پاک کے ایک نسخے پر حملہ کیا اور اس کے کچھ اوراق کو جلا دیا۔
یہ توہین آمیز رویہ حالیہ برسوں میں مختلف ممالک میں ایک سے زیادہ مرتبہ پیش آچکا ہے لیکن قابل توجہ بات یہ ہے کہ اس بار یہ سوئیڈن کی پولیس کے رسمی اجازت نامے کے ساتھ اور اس کی موجودگی میں آزادی اظہار کے نام پر ہوا۔
جب کہ یہ بات یقینی ہے کہ اظہار رائے کی آزادی کا احترام ایسے شرمناک عمل کو انجام دیئے جانے کا جواز نہیں بنتا، جو دنیا کے دو ارب سے زائد مسلمانوں کے مقدسات پر کھلے عام حملے کی نمائندگی کرتا ہو اور اس طرح انتہا پسندانہ خیالات اور غلط طریقوں کے رواج پانے کا باعث بنتا ہو۔
مرجع اعلیٰ نے مذکورہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کرے اور ان ممالک پر ایسے واقعات کا سبب بننے والے قوانین پر نظر ثانی کے لئے دباؤ ڈالے۔ مرجع اعلیٰ نے مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان پرامن باہمی تعلقات، حقوق کی دیکھ بھال اور سب کے باہمی احترام پر مبنی فکری نقطہ نظر کی تاکید کی ہے۔
دفتر آیت اللہ سید علی سیستانی (دام ظلہ) - نجف الاشرف
10 ذی الحج 1444 ھ بمطابق 29/6/2023 عیسوی