تہران - قطر کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمارا ہمسایہ ملک اور مشترکہ گیس ذخائر کے شعبے میں اہم شراکت دار ہے جس نے عرب ممالک کی جانب سے ناکہ بندی کے موقع پر اپنی فضائی حدود کھول کر قطر کو سانس لینے کا راستہ فراہم کردیا۔
یہ بات 'خالد بن محمد العطیہ نے روسیا الیوم نیوز چینل کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ایران اور قطر کے درمیان ممکنہ اتحاد کے حوالے سے بتایا کہ خلیج فارس کے ممالک کے ساتھ تعاون کو دیکھتے ہوئے ایران کے ساتھ ہمارا تعاون کم رہا ہے تاہم ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے جس کے ساتھ گیس ذخائر کے حوالے سے قریبی تعاون جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قطر، ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لئے پُرعزم ہے اور دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان باہمی احترام پر مبنی تعلقات قائم رہیں گے۔قطری وزیر دفاع نے بتایا کہ ہمارے عرب بھائیوں کی جانب سے ناکہ بندی کے بعد ایران نے اپنی قطری پروازوں کے لئے فضائی حدود کھول دی اور حقیقتا تہران نے پابندیوں اور ناکہ بندی سے ہمیں سانس لینے کا راستہ فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے مزید برآں قطر کو اشیائے خورد و نوش فراہم کیں، تو کیا احسان کا جواب سوائے احسان کے کچھ اور بھی ہے؟
قطری وزیر دفاع نے انتباہ کیا کہ اگر سعودی عرب، مصر، امارات اور بحرین قطر کے خلاف ناکہ بندی کا خاتمہ نہ کیا تو قطر بین الاقوامی قانونی چارہ جوئی کرے گا۔