حوزہ علمیہ قم کی تاسیس جدید کی صد سالہ تقریب پر رہبر انقلاب، مراجع کرام اور پروگرام کے تمام شرکاء کا شکریہ: آیت اللہ اعرافی
32
M.U.H
18/05/2025
حوزہ علمیہ قم کی تاسیس جدید کی صد سالہ تقریب کی شاندار کامیابی کے بعد، سربراہ حوزه علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایک تفصیلی پیغام جاری کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی، مراجع تقلید، علمائے کرام اور تقریب کے تمام منتظمین و شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے اس مبارک موقع پر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خاص عنایات، رہبر انقلاب کی رہنمائی و تاریخی پیغام، مراجع کرام کی پرشکوہ شرکت، علمی شخصیات اور حوزہ کے فضلاء و طلاب کی بھرپور موجودگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم علمی اجتماع نہ صرف حوزہ علمیہ قم کی ایک صدی پر محیط خدمات کا اعتراف تھا، بلکہ اس نے امت مسلمہ کے علمی و روحانی سرمائے کو ایک نئی جہت عطا کی۔
آیت اللہ اعرافی نے اس کانفرنس کے انعقاد میں شریک تمام انجمنوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے شب و روز محنت کے ذریعے اس تاریخی موقع کو قابلِ فخر بنایا۔
پیغام میں کہا گیا ہے کہ اس تقریب کے دوران دو عظیم علمی دائرۃ المعارف پیش کیے گئے، جن میں حوزہ علمیہ قم کی علمی، انقلابی،ثقافتی اور عالمی خدمات کا جامع تجزیہ پیش کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مؤسس حوزہ علمیہ قم، حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ عبدالکریم حائری یزدی قدس سرہ کی علمی و انتظامی شخصیت پر بھی سیر حاصل روشنی ڈالی گئی، ان کے آثار کی تدوین و تصحیح اور ان کی خدمات کی ازسر نو تعارف کے لیے ایک مربوط علمی اقدام کیا گیا۔
یہ کانفرنس نہ صرف قم بلکہ ایران اور بیرونِ ملک کے مختلف شہروں میں منعقدہ بیسیوں علمی نشستوں، تبلیغی اور بین الاقوامی اجتماعات، علمی مقالات، نمائشوں اور میڈیا کوریج کے ساتھ ایک ہمہ جہت علمی و دینی تحریک بن گئی۔
اپنے پیغام کے آخر میں آیت اللہ اعرافی نے اس عظیم علمی خدمت میں حصہ لینے والے تمام افراد کے لیے رب العزت کی بارگاہ میں اجر عظیم کی دعا کی اور مرحوم مؤسسِ حوزہ، حضرت آیت اللہ حائری، دیگر مراجع و زعماء، اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے لیے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ انہوں نے دعا کی کہ حوزہ علمیہ قم اور تمام دینی مراکز کو دین اسلام، انقلاب اسلامی اور ملت ایران کی خدمت کے لیے مزید توفیق حاصل ہو، اور رہبر معظم انقلاب کا سایہ تادیر قائم رہے۔