ایران ترکی تعلقات کی مضبوطی میں خطے اور دنیا کا فائدہ ہے: روحانی
2734
M.U.H
19/04/2018
تہران، 18 اپریل - صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ ایران اور ترکی کے درمیان دوطرفہ، علاقائی اور عالمی سطح پر تعلقات کی مضبوطی میں خطی اور عالمی امن و سلامتی کا فائدہ ہے.
یہ بات صدر مملکت ڈاکٹر 'حسن روحانی' نے بدھ کے روز ایرانی دارالحکومت تہران کے دورے پر آئے ترک وزیر خزانہ 'نہاد زے بیگچی' کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی.
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکی کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ملے گا.
دونوں ممالک کے درمیام بینکاری شعبے میں تعاون کے فروغ پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر روحانی نے مزید کہا کہ ہمارے نزدیک تہران انقرہ تعلقات کو بڑی اہمیت حاصل ہے. خوش قسمتی سے حالیہ برسوں میں باہمی تعلقات کو قابل قدر فروغ ملا ہے اور ہمیں امید ہے کہ دونوں برادر اور ہمسایہ عوام کے درمیان تعلقات کی توسیع کا سلسلہ جاری رہے گا.
ایرانی صدر نے کہا کہ علاقائی مسائل کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان مشاورت نہایت اہم ہے. خطے میں قیام امن و سلامتی کے حوالے سے ایران اور ترکی کا کردار اہم ہے لہذا دونوں ممالک کو چاہئے کہ قریبی تعاون کو مزید بڑھائیں.
اس ملاقات میں ترک وزیر خزانہ نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعاون کی راہ میں موجود رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لئے پُرعزم ہے.
نہاد زے بیگچی نے اس بات پر زور دیا کہ ترکی ایک تعمیری روڈ میپ کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی خواہش رکھتا ہے