تہران- ہندستان اور افغانستان کے بعد پاکستان اب ایران میں بھی دہشت گردانہ حملوں کو انجام دے رہا ہے۔ سنیچر کی شام کو پاکستان سے سرحد پار کرکے ایرانی علاقہ میں گھسے دہشت گردوں کے دستے نے دو شہریوں کو مار ڈالا اور دو کو زخمی کردیا۔ ایران کی فوج ریوولیوشنری گارڈز نے آج اس بات کی اطلاع دی۔ ریوولیوشنری گارڈز نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر بیان جاری کرکے کہا کہ ہفتہ کے روز ایران کے سرحدی علاقہ کے ساراوان میں پاکستانی دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے مزدوری کرنے والے دو افراد کو قتل کردیا۔ یہ علاقہ سستان۔بلوچستان صوبہ کے تحت آتا ہے۔ جوابی کارروائی میں ریوولیوشنری گارڈز نے ایک حملہ آور کو مار گرایا اور دو کو زخمی کردیا۔
دہشت گردوں کے دستے میں شامل باقی کے حملہ آور پاکستانی علاقہ میں بھاگنے میں کامیاب رہے۔ حملہ آوروں کی شناخت ابھی تک نہیں ہو پائی ہے۔ لیکن علاقہ میں جیش العادل نامی تنظیم کے حملوں کی قدیم تاریخ رہی ہے۔ یہ تنظیم القاعدہ سے وابستہ ہے اور یہ پاکستان کے بلوچستان سے اپنی سرگرمیوں کا آپریشن کرتا ہے۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھ کر سرحد پر دہشت گردانہ حملوں کی روک تھام کیلئے ضروری قدم اٹھانے کیلئے کہا ہے۔