اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے میانمار حکومت سے بے دخل روہنگیا مسلمانوں کی واپسی کا مطالبہ کیاہے ۔
سلامتی کونسل نے اپنے ایک بیان میں میانمار میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔
اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے متفقہ بیان میں میانمار کی حکومت پر زور دیا ہےکہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف فوجی کارروائی بند کرے اور بے دخل کئے گئے لاکھوں مسلمانوں کو وطن لوٹنے دے۔
سلامتی کونسل کی جانب سے میانمار میں جاری تشدد کی بھی پرزور مذمت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران میانمار کے صوبے راخین میں جاری وحشیانہ حملوں اور جارحیت کے نتیجے میں لاکھوں روہنگیا مسلمان اپنی جان بچا کر بنگلہ دیش فرار ہو گئے ہیں۔
میانماری فوج اور اس ملک کے انتہا پسند بدھسٹوں کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں جسے اقوام متحدہ نے بھی قومی تطہیر سے تعبیر کیا ہے، چھے ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان جاں بحق اور آٹھ ہزار سے زائد دیگر زخمی ہو چکے ہیں جبکہ آٹھ لاکھ کے قریب روہنگیا مسلمانوں نے بنگلہ دیش میں پناہ لے رکھی ہے۔