سعودی عرب اور اس کے تین عرب اتحادی ممالک قطر کو پیش کیے گئے مطالبات پر عملدرآمد کرنے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر آج مصر میں ملاقات کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت چار عرب ممالک مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطر پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ انتہاپسندی کی معاونت کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کو جب قطر کو دی جانے والی دس روزہ ڈیڈ لائن ختم ہو گئی تھی تو اسے عرب ممالک نے مزید 48 گھنٹوں کی مہلت دی تھی۔سعودی عرب نے بدھ کو کہا تھا کہ چاروں ممالک کو قطر کا جواب موصول ہوا ہے اور وہ اس کا 'درست وقت پر جواب دیں گے۔قطر سے تعلقات منقطع کرنے والے ان چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ بدھ کو قاہرہ میں گرینیج کے وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ اس ملاقات کے بعد وہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایک روز قبل ہی ان چاروں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے سربراہان نے قاہرہ میں ملاقات کی تھی۔ قطر کے وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے پیر کو سرکاری جواب کویتی حکام جو کہ اس معاملے میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے کے حوالے کیا تھا تاہم اس جواب کو ابھی تک خفیہ رکھا گیا ہے۔