صہیونی جارحیت کے مقابلے میں سرگرم فلسطینی تحریک مزاحمت حماس کے سابق سربراہ نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت فلسطینیوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھ سکتی۔
اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سابق سربراہ خالد مشعل نے کہا کہ ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت فلسطینیوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھ سکتی۔
فلسطینی قوم بہرصورت اپنی آزادی کی منزل سے ہم کنار ہوگی اور کبھی بھی اسرائیلی جارحیت کے آگے نہیں جھکے گی۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک تقریب سے خطاب میں خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینی قوم کے بہادری کے کارنامے اب بھی جاری ہیں۔ قابض صہیونی دشمن کی جانب سے فلسطینیوں کے کشت خون اور تباہی و بربادی کے مکروہ حربوں کے باوجود فلسطینی اپنے وطن کی آزادی اور وطن واپسی کا حق لے کررہیں گے۔
حماس کے رہنما نے تین روز قبل غرب اردن کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینی احمد نصر جرار کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ احمد نصر جرار فلسطینی قوم کا ہیروہے جس نے اپنی جان قوم کے مستقبل اور اس کی آزادی پرقربان کی ہے۔