یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ یمن اس وقت فیصلہ کن مرحلے سے گذر رہا ہے اور عوام کے سبھی لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور جارح قوتوں کا مقابلہ کریں۔
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سیکریٹری جنرل عبدالملک بدرالدین نے ہفتے کو صنعا میں یمنی علما اور دانشوروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یمن کا محاصرہ کرنے والوں نے کوشش کی کہ یمنی عوام کو اقتصادی اعتبار سے مفلوج کردیں لیکن سعودی حکومت اس جنگ میں اپنا سب کچھ داؤں پر لگانے کے باوجود شکست سے دوچار ہوگئی ہے اور وہ اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکی ہے۔
انصاراللہ کے سربراہ نے کہاکہ یمن کے داخلی گروہوں کے اتحاد نے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں مدد کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمنوں نے جارح ملکوں کے ساتھ تعاون کے دائرے میں اپنے منصوبوں کے ذریعے کوشش کی کہ وہ یمن کی جنگ کو اپنے حق میں ختم کریں لیکن یمنی عوام کی استقامت و پامردی نے دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنادیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ جارح قوتیں یمن کے داخلی محاذ کو بدنام کرنے اور اپنے سیاسی و سماجی مقاصد کو حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمن یمن کے داخلی محاذ کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے منصوبے پر کام کررہی ہیں جو خطرناک منصوبہ ہے اور سب کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
انصار اللہ کے سربراہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ یمن کے علما کا معاشرے کے مختلف طبقوں میں بنیادی کردار اوراہم مقام ہے کہا کہ یمن کے عوام کو علما سے توقع ہے کہ وہ ان کی مشکلات و مسائل کاجائزہ لیں گے۔
واضح رہے کہ یمن پر سعودی عرب اور کے اتحادیوں کی وحشیانہ جارحیت مارچ دوہزار پندرہ سے جاری ہے جس میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکےہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھروں سے بے گھر ہوئے ہیں۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں میں جو امریکا اور اسرائیل کی ایما پر ہو رہے ہیں یمن کی بیشتر بنیادی شہری تنصیبات تباہ ہوچکی ہیں۔