ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا ہے کہ پڑوسی ممالک سے ہمیں کوئی خطرہ لاحق نہیں تاہم ایران کی بہادر مسلح افواج اور قوم ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
یہ بات میجر جنرل "محمد باقری" نے اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فورس کے کمانڈروں کے 11ویں اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سپہ سالار نے مزید کہا کہ آرمی، مسلح افواج اور بہادر عوام کی بدولت دشمن وطن عزیز ایران کے خلاف عسکری کاروائی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سرحدوں کے خلاف دشمنوں کی دھمکیوں سے نمٹنے کے لئے ایرانی مسلح افواج مکمل تیار ہیں۔
جنرل باقری نے مزید کہا کہ عالمی طاقتیں اس نتیجے پر پہنچ گئی ہیں کہ ایرانی قوم کے خلاف عسکری طاقت سے کوئی نتیجہ نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی دفاع طاقت کا محور امن ہے جبکہ ہماری آمادگی کا تسلسل دشمن کی شکست کا باعث بن سکتی ہے۔
سربراہ ایرانی مسلح افواج نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ایسے اقدامات اٹھانے ہوں گے جس سے دشمن ہمارے خلاف جارحیت کا سوچ بھی نہ سکے تا کہ حکومت اور عوام ملک کی ترقی کے لئے پرسکون انداز میں کام کرسکیں۔