پاسداران اہلکاروں پر خودکش حملہ، ایرانی سنی عالم دین کی مذمت
3495
M.U.H
15/02/2019
ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان کے اہل سنت امام جمعہ نے پاسداران انقلاب فورسز کی بس پر دہشتگردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
دارالعلوم زاہدان کے مہتمم مولانا 'عبدالحمید اسماعیل زہی' نے اپنے ایک بیان میں دہشتگردوں کے حملے میں اہلکاروں کی شہادت پر اپنی تعزیت اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبے میں کسی شخص یا گروہ کی جانب سے ایسی کاروائیوں میں کسی کا فائدہ نہیں بلکہ ایسے واقعات سے وطن عزیز ایران کے دشمنوں کو فائدہ پہنچے گا۔
مولانا اسماعیل زہی نے مزید کہا کہ ہم اس غم میں برابر کے شریک ہیں ہماری دعا ہے کہ پروردگار اس سانحے میں زخمی ہونے والوں کو جلد صحت یاب کرے۔
یاد رہے کہ دہشتگردوں نے گزشتہ رات زاہدان،خاش روڈ پر پاسداران انقلاب کے اہلکاروں کی بس کو کار بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں درجنوں اہلکار شہید اور زخمی ہوئے۔
بدنام زمانہ دہشتگرد تنظیم جیش العدل نے اس سفاکانہ کاروائی کی ذمہ داری قبول کی ہے۔