ایرانی صدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور جمہوریہ آذربائیجان علاقائی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ خطی مسائل کا سیاسی طریقے کے ذریعے حل ممکن ہے۔
یہ بات صدر مملکت 'حسن روحانی' نے اپنے آذری ہم منصب 'الہام علییف' کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمجھتا ہے کہ شام اور یمن کے بحران کو سیاسی بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے اور ان مسائل کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں ہو سکتا۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو اس بات پر بھی یقین ہے کہ کاراباخ تنازعہ کا حل بھی آرمینیا اور آذربائیجان کے مشترکہ کوششوں سے ممکن ہو سکتا ہے اور اس حوالے سے سیاسی اقدامات خوش آئند ثابت ہوں گے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ باکو اور تہران کے درمیان قریبی تعلقات موجود ہیں اور دونوں ممالک کے عوام باہمی مفادات کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔