تہران - ایران کی اسلامی مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کے اراکین کل بروز اتوار ایک خصوصی سیشن میں شریک ہوں گے جس کا مقصد ایران مخالف امریکی سینیٹ کے حالیہ اقدامات کے حوالے سے جوابی حکمت عملی تیار کرنا ہے۔
یہ بات ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان 'حسین نقوی حسینی نے ہفتہ کے روز ارنا کے نمائندے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس غیرمعمولی اجلاس کا مقصد امریکی سینیٹ کے حالیہ ایران مخالف اقدامات پر جوابی ردعمل دینا ہے۔
اس سے پہلے ایرانی پارلیمنٹ کے ریسرچ سنٹر کے سربراہ 'کاظم جلالی نے بتایا کہ یہ حکمت عملی 10 نکات پر مشتمل ہیں جیسے کہ دہشتگردوں کی امریکی حمایت، امریکہ کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی، ایرانی مسلح افواج کی حمایت، امریکی اقتصادی پابندیوں کا مقابلہ، ایرانی شہریوں کی حمایت۔
ایرانی مجلس کے اسپیکر 'علی لاریجانی نے قومی سلامتی کمیٹی کو ہدایت کی تھی کہ اس حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے۔ یاد رہے کہ امریکی سینیٹ نے گزشتہ ماہ بھاری اکثریت کے ساتھ ایران اور روس پر تازہ پابندیوں کی منظوری دے دی تھی۔ ایران اور روس پر پابندیوں کے حق میں ٩٨ اور مخالفت میں صرف ٢ ووٹ ڈالے گئے۔