امریکہ کو طاقت کے ذریعے ہی انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی پاسداری کا پابند بنایا جا سکتا ہے۔
یہ بات عالمی تقریب مذاہب اسلامی فورم کے سربراہ آیت اللہ محسن اراکی نے تہران میں امریکی انسانی حقوق کے نام سے ہونے والے بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ایک عہد شکن ملک ہے اور اس پر ہرگز اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔
آیت اللہ محسن اراکی نے کہا کہ امریکی اسٹریٹیجی طاقت کی بنیاد پر استوار ہے اور فریق مقابل طاقتور نہ ہو تو امریکہ تمام معاہدوں اور اصولوں کو آسانی سے پامال کر دیتا ہے۔
عالمی تقریب مذاہب اسلامی فورم کے سربراہ نے کہا کہ آج دنیا کو انسانی حقوق کے حوالے سے امریکہ نام کے ایک المیے کا سامنا ہے کیونکہ امریکہ کا سیاسی نظام شروع ہی سے انسانیت کے لیے خطرناک رہا ہے۔
انہوں نے امریکہ کو ظلم و فساد کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے مقدر میں نابودی لکھ دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی انسانی حقوق کے نام سے تیسرا سالانہ عالمی فیسٹول تہران میں ختم ہو گیا جس میں دنیا کے چالیس ملکوں کے سات سو سے زائد آرٹسٹوں نے اپنے فن پاروں کے ساتھ شرکت کی جن میں امریکہ میں انسانی حقوق کو موضوع بحث بنایا گیا تھا۔