تہران - ایرانی دفترخارجہ کے ترجمان نے وزیرخارجہ 'محمد جواد ظریف کے حالیہ یورپی ممالک کے دوروں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں یورپ کے خودمختار ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ سے دنیا میں امن و امان کے قیام کے لئے مدد ملے گی۔
یہ بات 'بہرام قاسمی نے جمعرات کے روز ارنا کے نمائندے کے ساتھ ایرانی وزیرخارجہ کے حالیہ جرمنی اور اٹلی کے دوروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب امریکہ نے اپنے سنجیدہ اقدامات کے ذریعے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، یورپ کے خودمختار اور آزاد خیال ممالک کے ساتھ باہمی مشاورت کے ذریعے عالمی امن و استحکام کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔ قاسمی نے کہا کہ ظریف آج روم سے پیرس جائیں گے جہاں وہ اعلی فرانسیسی حکام بالخصوص صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ایران کے جرمنی، اٹلی اور فرانس کے ساتھ دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے جرمن اور اطالوی حکام کے ساتھ مذاکرات تعمیری رہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ کے تین یورپی ممالک کے دوروں کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران یورپی ممالک بالخصوص اٹلی، جرمنی اور فرانس کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔ خطے کی صورتحال کے حوالے سے بہرام قاسمی نے کہا کہ بڑے پیمانے پر ھتھیاروں کی خریداری سے امن قائم نہیں ہوگا بلکہ اجتماعی تعاون اور مستقل عزم کے ذریعے اس مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔